ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں فلیکس اور بینرلگانے والوں پر مقدمے کیوں نہیں، بی بی ایم پی افسروں سے ہائی کورٹ کا سوال، لاپرواہی پر سخت لتاڑ

بنگلورو میں فلیکس اور بینرلگانے والوں پر مقدمے کیوں نہیں، بی بی ایم پی افسروں سے ہائی کورٹ کا سوال، لاپرواہی پر سخت لتاڑ

Sat, 11 Aug 2018 11:49:22    S.O. News Service

بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی حدود میں غیر قانونی فلیکس اور بینروں کی بھرمار پر روک لگانے کے لئے ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد جہاں بی بی ایم پی کی طرف سے مہم شروع کی گئی ہے اس مہم میں مزید تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے آج بی بی ایم پی افسروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ہائی کورٹ میں آج سماعت کے دوران بی بی ایم پی سے دریافت کیا کہ اشتہاری پالیسی وضع کرنے کی جو ہدایت عدالت نے دی ہے اس پر عمل کس حد تک ہوا؟۔ سائی دتہ اور دیگر کی طرف سے درج مفاد عامہ عرضی کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے فلیکس اور بینروں کو جن مقامات سے ہٹائے گئے ہیں ان بینروں کے لئے ذمہ دار افراد اور اس علاقے کے افسروں کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کئے جانے پر بی بی ایم پی افسروں سے ناراضی ظاہر کی اور کہاکہ غیر قانونی فلیکس لگانے والوں کے خلاف جو ایف آئی آر درج ہوگا اس میں علاقے کے افسر کا نام بھی شامل کیا جائے تاکہ آئندہ فلیکس اور بینروں کے متعلق لاپرواہی نہ برتی جائے۔ اشتہاری پالیسی وضع کرنے کے لئے عدالت کی ہدایت پر عمل نہ ہونے پر سخت ناراضی ظاہر کرتے ہوئے ڈویژنل بنچ نے کہا کہ اس پالیسی کو تیار کرنے میں تاخیر کے لئے جو بھی ذمہ دار افسر ہیں ان کے نام عدالت میں ظاہر کئے جائیں ۔ ظاہر کئے جانے پر ان افسروں کو لتاڑتے ہوئے عدالت نے سوال کیا کہ وہ موٹی تنخواہوں اور بھتوں کے لئے ہی سرکاری دفتر آتے ہیں یا پھر کچھ کام بھی کرتے ہیں، عدالت نے سخت ہدایت دی کہ غیر قانونی فلیکس اور بینروں کے لئے ذمہ دار افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ فلیکس اور بینروں کے سلسلے میں بی بی ایم پی نے اب تک شہر میں بارہ ایف آئی آر درج کرائے ہیں ، ان میں سے ایک ایف آئی آر میں بھی کسی ملزم کا نام نہیں ہے۔

عدالت نے بی بی ایم پی کو ہدایت دی کہ اس معاملے میں فوراً جواب پیش کیا جائے۔ اس موقع پر بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے عدالت کو اڈوکیٹ جنرل ادے ہولا کے ذریعے بتایا کہ اب تک ایف آئی آر کی تعداد 223 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سی سی ٹی وی کے مناظر اور پولیس کی اطلاع کی بنیاد پر بھی غیر قانونی فلیکس اور بینروں کے خلاف مقدمے درج کرائے گئے ہیں اس سلسلے میں آٹھ لوگوں کو گرفتار بھی کیاگیا ہے ، جنہیں ضمانت بھی مل گئی ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ تمام 223 کیسوں میں ہوئی کارروائی کی تفصیل عدالت کو سونپی جائے۔ ان کیسوں کی سماعت مجسٹریٹ عدالت میں روزانہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔عدالت نے یہ حکم صادر کیا کہ شہر بنگلور کو فلیکس اور بینروں سے مکمل طور پرپاک کیا جائے۔ عدالت نے ایک بار پھر بی بی ایم پی افسروں کو ہدایت دی کہ اگلی سماعت تک اشتہاری پالیسی وضع کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ 
 


Share: